دبئی7جون(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر قطر کی حمایت میں بات کرنے یا اس ملک کے لیے ہمدردی کے اظہار پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایسا کرنے والوں کو پندرہ سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔متحدہ عرب امارات کے اخبار گلف نیوز نے ملک کے اٹارنی جنرل حماد سیف ال شمسی کے بیان کو شائع کیا، جس میں انہوں نے کہاکہ جو بھی سوشل میڈیا پر یا کسی اور ذریعے سے قطر کے حق میں کسی بھی طرح کی ہمدردی کا اظہار کرے گا اور جو اس معاملے پر متحدہ عرب امارات کی پوزیشن پر سوال اٹھائے گا، اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو قید کے علاوہ پچاس ہزار درہم جرمانے کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔مشرق وسطیٰ کے اس حالیہ بحران کے بعد سے عرب دنیا میں سوشل میڈیا پر کافی بحث جاری ہے اور عرب شہری قطر کے حق میں اور اس کی مخالف میں اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات نے سعودی عرب سمیت عرب دنیا کی دیگر طاقت ور ریاستوں کے ہمراہ خلیجی ریاست قطر سے رواں ہفتے سفارتی تعلقات ختم کر دیے۔ ان ممالک نے قطر پر دہشت گرد گروہوں اور ایران کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔ قطر ان الزامات کو مسترد کر چکا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاملے میں عرب ریاستوں کی جانب سے قطر کے خلاف ایکشن لیے جانیکی تعریف کی لیکن نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق بعد میں ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز سے فون پر بات کی اور مشرق وسطیٰ میں اتحاد پر زور دیا۔